چوہدری یاسین کا پانچویں مرتبہ جنرل سیکرٹری منتخب ہونا ورکرز کا اعتماد ہے، ڈاکٹر محمد امجد
چوہدری یاسین سی ڈی اے ورکرز کے حقیقی نمائندے، ورکرز دل سے احترام کرتے ہیں۔ گفتگو
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )سابق وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ چوہدری یاسین کا پانچویں مرتبہ سی ڈی اے یونین کا جنرل سیکرٹری کے طور پر منتخب ہونا ان پر ورکرز کے پے پناہ اعتماد کا غماز ہے، چوہدری یاسین سی ڈی اے ورکرز کے حقیقی نمائندے ہیں اور ورکرز بھی ان کا دل سے احترام کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے ورکرز یونین کے نومنتخب جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ٹریڈ رز ونگ کے مرکزی صدر عاطف مغل، فیڈرل کیپیٹل کے جنرل سیکرٹری چوہدری جہانگیر اور دیگربھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈاکٹر محمد امجد نے چوہدری یاسین کو پانچویں بار جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں پھول پیش کئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چوہدری یاسین مزدوروں کے حقیقی نمائندے ہیں جو ان کے حقوق کے لئے ہمیشہ آواز اٹھاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ورکرزہمیشہ ان کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ورکرز کا ان پر اعتماد کا یہ عالم ہے کہ حالیہ ریفرنڈم میں انہیں پانچویں مرتبہ سی ڈی اے کی مزدور یونین کا جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد امجد نے امید ظاہر کی کہ چوہدری یاسین خدمت کا سفر جاری و ساری رکھیں گے اور آئندہ بھی ورکرز کے مسائل حل کروانے میں پیش پیش رہیں گے۔ انہوں نے چوہدری محمد یاسین کو اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔